(ملک اشرف)ٹریفک وارڈنز کیخلاف محکمانہ کارروائی کا معاملہ،سپریم کورٹ نے سی ٹی او کو مجاز اتھارٹی قرار دے دیا،عدالت نےایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس کی سروس ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کر لی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پرمشتمل بنچ کا تحریری فیصلہ جاری کیا گیا، پنجاب حکومت کی جانب سےایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک اختر جاویدپیش ہوئے، تحریری فیصلہ میں کہا گیاکہ پنجاب سروس ٹربیونل کا ٹریفک وارڈن کیخلاف محکمانہ کارروائی کالعدم کرنے کا حکم غیرقانونی ہے، پنجاب سروس ٹربیونل نے قانون کی غلط تشریح کر کےسی ٹی اوکےاختیار کیخلاف فیصلہ دیا، رولز سی ٹی او کو ٹریفک وارڈنز کیخلاف کارروائی کا مکمل اختیار دیتے ہیں۔
فیصلہ میں مزید کہا گیا کہ سی ٹی او کو وارڈنز کی تقرر و تبادلوں، سزائوں، معطلی اور دوبارہ بھرتی کا اختیار حاصل ہے، اس کیس میں پنجاب سروس ٹربیونل نے وارڈن محمد شاہد کی اپیل پرچیف پولیس افسرکومجاز اتھارٹی قراردیا تھا، سروس ٹربیونل نے سی ٹی او کی محمد شاہد کیخلاف کارروائی کو کالعدم کیا تھا، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس نے سروس ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا،۔
سپریم کورٹ نے فریقین کے وکلاء کا موقف سننے کے بعد پنجاب سروس ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم کر کے وارڈن کیخلاف محکمانہ کارروائی کا حکم بحال کر دیا۔