( بسام سلطان ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے میو ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے میں 300 پرسنل پروٹیکٹو اکوپمنٹ تقسیم کیے۔
پی پی ای کی تقسیم کے موقع پر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پوری قوم ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ حکومت سے نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے، مگر ابھی تک نہیں بنائی جا سکی۔ تحریک انصاف نے چندہ اکٹھا کیا، یہ وقت چندہ لگانے کا ہے۔ آج پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز سندھ سے بھی تجاوز کر چکے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ پہلے بھی دس ہزار پی پی ای فراہم کئے، مزید دس ہزار پی پی ای جلد فراہم کریں گے۔ قوم نے جس طرح جنگوں میں پاک فوج کا ساتھ دیا، یہی جذبات ہمارے ہیلتھ پروفیشنلز کے لئے بھی ہونے چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف سیلوٹ نہیں بلکہ ان کی ہر ممکن مدد بھی کرنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح تشخیصی سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے۔
لیگی رہنماؤں نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں کی کورونا تشخیصی کٹس اور نجی اداروں کے ٹیسٹ کو سبسڈائز کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر تافتان بارڈر کو نہ کھولا جاتا تو حالات اس طرح نہ بگڑتے۔
کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک پاکستان میں 45 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے.
پنجاب میں آج اب تک مزید 76 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1163 ہو گئی ہے,سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں, لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے,جب کہ وائرس سے متاثرہ 6 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔