( علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا سنگ بیناد رواں ماہ کے آخر تک رکھنے کی ہدایت کردی، منصوبے پر دو ارب کی لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایل ڈی اے آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ایل ڈی اے کے پراجیکٹس پر پیش رفت، شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کورونا وباء کے پیش نظرایل ڈی اے نے شہریوں کے ذمے ادائیگیوں کو30 اپریل تک موخر کردیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ جناح ہسپتال کے سامنے سٹیل بریج کو جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے انصاف ویب پورٹل ایپ لانچ ہونے سے شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے جبکہ وزیر اعلی کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی یے کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کاسنگ بنیاد اس ماہ کے آخر میں رکھا جائے گا۔ اس منصوبے پر 2ارب روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے پراسس کو آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے میں سفارش کے بغیر شہریوں کے کام ہونے چاہئیں اور جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ سفارشی کلچر کو ختم کرنے میں مدد معاون ثابت ہوگا جبکہ برکت مارکیٹ سے جناح ہسپتال تک سنگل فری کوریڈوربنایا جائے گا۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے کو ایسا ادارہ بنانا چاہتا ہوں جہاں پر شہری کا بغیر سفارش فوری کام ہو۔ ایل ڈی اے کے زیر اہتمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے سڑکوں پر روڈز سائن لگانا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے سڑکوں پر روڈز سائن لگانے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اجلاس میں شاہکام چوک پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کیلئے فلائی اوور کی تعمیر کے منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحق پرانی سبزی منڈی کی اراضی کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے اور لاہور کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی
وزیراعلیٰ نے کہا لاہور میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ عوام کو بہترین سروس ڈلیوری کے لئے ایل ڈی اے کو لیڈ لینا ہوگی۔
اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے ایل ڈی اے کے پراجیکٹس، شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے کیے جانیوالے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، ایم پی اے عظمی کاردار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن وانفراسٹرکچر طاہر خورشید، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ، سیکرٹری اطلاعات، وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود، چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی، انجینئرعامر ریاض قریشی اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔