(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ آئندہ اتوار کو سیلاب متاثرین کیلئے دوبارہ ٹیلی تھون کروں گا، سیلاب متاثرین کیلئے دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا۔
فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ 2018 الیکشن مہم میں جب آیا تو یہاں بے روزگاری تھی،فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی تھی، ہمارے ساڑھے 3 سال میں ٹیکسٹائل انڈسٹری اٹھی اور روزگار بھی ملا،
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ کسانوں کو ہم نے وقت پر قیمت دلوائی، 2 سال میں ہماری سب سے زیادہ 4 فیصلوں کی پیداوار ہوئی،ان کا کہناتھا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں، بیرونی سازش کرکے امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ،4 ماہ میں ملک کی معیشت کو تباہ کردیاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں ڈیمز بنانے ہوں گے، ہماری حکومت نے 10 بڑے ڈیمز بنائے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے 10 بلین درخت لگائے، پانی کو نکالنے کیلئے ڈرینج سسٹم چاہئے جو تباہی نہ مچائے، ملک میں ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ آئندہ اتوار کو سیلاب متاثرین کیلئے دوبارہ ٹیلی تھون کروں گا، سیلاب متاثرین کیلئے دوبارہ اربوں روپے جمع کروں گا،انہوں نے کہاکہ فیصل آبادپاکستان کا مانچسٹر ہے ،صنعتی شہر ہے ،فیصل آباد میں فیکٹریاں لگائیں گے اور عوام کو روزگار دینا ہے، شہبازشریف !قوم تو محنت کرتی ہے، بیرون ملک پاکستانی محنت کرکے پیسہ اپنے ملک میں بھیجتے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ آئی ایم ایف کہتا ہے خسارہ نہیں ہوتا قیمتیں بڑھاﺅ، چار مہینے پہلے پٹرول 150 روپے لٹر تھا،ہماری زیادہ پیداوار ہوگی تو ہماری دولت میں اضافہ ہوگا، ہماری دولت میں اضافہ ہو گا تو عوام کو سستا پٹرول اور ڈیزل دیں گے، تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں تاریخی ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے ٹیکس زیادہ اکٹھا کیا اور عوام کو سبسڈی دی،تحریک انصاف کی حکومت نے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کہتا ہے آنے والے دنوں میں مزید مہنگائی ہوگی، آنے والے دنوں میں بجلی مزید مہنگی کی جائے گی، ہمارے دور میں 18 روپے فی یونٹ بجلی تھی آج 36 روپے ہے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے حالات آگے بھی برے ہیں ، یہ حکومت کمزور ترین حکومت ہے، سازش کرکے حکومت پر قبضہ کیاگیا، مسلط حکومت نے آتے ہی اپنے 1100ارب روپے معاف کرادیئے، نیب قوانین میں ترمیم کرکے 1100 ارب روپے معاف کئے گئے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ کرپشن وہ ہوتی ہے جو ملک کا پیسہ چوری کیا جاتا ہے، جو پیسہ قوم پر خرچ ہوناہووہ چوری کیا جائے تو کرپشن کہلاتا ہے،آئی ایم ایف نے کہا ہے کرپشن سے ملک کا دیوالیہ نکل رہاہے، جو پاور پلانٹ دنیا میں 100 ارب کے بنے وہ پاکستان میں 130 ارب کے بنے،10 سال پہلے شریفوں سے سوال پوچھا لندن کی مہنگی جگہ پر آ پ کی جائیداد کیسے آگئی،مریم نواز کہتی ہیں میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، حسین نواز کہتے ہیں لندن میں فلیٹس ہمارے ہیں۔