ویب ڈیسک: چین میں ایک خاتون نے 40 سال سے مسلسل جاگنے کا دعویٰ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چین کے صوبے ہینان سے تعلق رکھنے والی لی جین ہیہی نے کہا ہے کہ وہ 10 یا 15 دن نہیں بلکہ مسلسل 40 سال سے جاگ رہی ہیں۔ ان کی اس حیرت انگیز خاصیت کے بارے میں ان کے شوہر نے بھی تصدیق کی ہے۔خاتون کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ آخری مرتبہ اس وقت سوئی تھیں جب وہ 4 یا 5 سال کی تھیں۔
لی جین ہیہی کے ساتھ رہنے والے ان کے پڑوسیوں نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے لی کے جاگنے سے متعلق باقاعدہ مشاہدہ بھی کیا ہے۔ خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اہلیہ کو نیند کی دوائیں بھی لاکر دیں لیکن وہ بھی ان پر اثر نہیں کرتیں۔ اپنی اس منفرد خاصیت سے تنگ لی متعدد ڈاکٹرز سے رائے بھی لے چکی ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹرز نے ان کی نیند کے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے انہیں 48 گھنٹوں کے لیے مشاہدے میں رکھا، تو انہیں مانیٹرنگ سینسر پر چونکا دینے والی معلومات ملیں ۔ڈاکٹرز نکے مطابق لی جین سوتی ضرور ہیں لیکن وہ عام انسانوں کی طرح نہیں سوتیں۔مشاہدے کی روشنی میں بتایا گیا کہ خاتون جب سوتی ہیں تو ان کی نہ صرف آنکھیں کھلی رہتی ہیں، بلکہ وہ اس دوران اپنے شوہر سے باتیں بھی کرتی رہتی ہیں۔ ڈاکٹرز نے ان کی اس خاصیت کو ’جاگتے ہوئے سونا‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے لوگ نیند میں باتیں کرتے ہیں اور حتیٰ کہ چل پھر بھی لیتے ہیں۔