(اکمل سومرو) پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیز کے اساتذہ کو ریسرچ پراجیکٹ کیلئے ایک کروڑ روپے تک گرانٹ دینے کا فیصلہ، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، انرجی اور پبلک ویلفیئر پر مبنی ریسرچ پراجیکٹس 30 ستمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
لاہور سمیت صوبے بھر کی یونیورسٹیز اساتذہ کو پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے تک گرانٹ ملے گی، اس ضمن میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ریسرچ پراجیکٹ سے متعلق قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اساتذہ ایگری کلچر، ہیلتھ، ایجوکیشن، پبلک ویلفیئر، انرجی، اینوائرمنٹ، انجنیئرنگ اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی سے متعلق ریسرچ پراجیکٹ جمع کرا سکتے ہیں۔ پی ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق ریسرچ پراجیکٹ کا دورانیہ ایک سال سے دو سال تک متعین کیا جا سکتا ہے۔
سرکاری یونیورسٹیز میں مستقل عہدوں پر تعینات اساتذہ ہی ریسرچ گرانٹ کے اہل تصور ہوں گے اور ان اساتذہ کے پاس پی ایچ ڈی ڈگری ہونے کی شرط بھی عائد ہے۔ کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ اساتذہ وائس چانسلر اور ڈائیریکٹر ریسرچ اینڈ انوویشن سے منظور شدہ درخواست جمع کرانے کے پاپند ہوں گے۔ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی ہے۔