(یاور ذوالفقار) لاہورہائیکورٹ میں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اورآپریشن کے آلات کی عدم دستیابی کے خلاف درخواست پر سماعت،عدالت نے سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری ہیلتھ کو 25 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اظہر صدیق کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں فوری نوعیت اورجان بچانے والی ادویات کی قلت ہے، سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی آپریشن تھیٹرزمیں آلات کی بھی کمی ہے، درخواست گزار وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 27 مارچ کو ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں آلات اور ادویات کی فراہمی کا حکم جاری کیا تھا تاہم ابھی تک صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہیں کر رہی ۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے احکامات جاری کرے،عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری ہیلتھ کو 25 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔