ویب ڈیسک: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی جنگ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے ۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی جبکہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی۔
پاکستان گروپ 2 میں پہلے نمبر پر رہنے کی وجہ سے 11 نومبر کو دبئی میں سیمی فائنل کھیلے گا۔ تاہم سوال یہ ہے کہ پاکستان کا سیمی فائنل میں کس ٹیم سے ٹاکرا ہوسکتا ہے؟زیادہ امکان یہ ہے کہ پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔
گروپ 1 میں انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا 6،6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہے۔واضح رہے کہ تینوں ٹیموں کا اب ایک ایک میچ باقی ہے۔اگر پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال سپر 12 مرحلے کے آخر تک برقرار رہی یعنی انگلینڈ پہلے، آسٹریلیا دوسرے اورجنوبی افریقا تیسرے نمبر پر رہا تو سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ دوسرے نمبر والی ٹیم یعنی آسٹریلیا سے ہی ہوگا۔