(قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس انویسٹی گیشن کمپلیکس سنٹرل ہیڈ کوارٹر کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا، سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابل ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو کمپلیکس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیر اعلیٰ کو سلامی دی، سردار عثمان بزدار نے خواتین کے تحفظ کیلئے بنائی ویمن سیفٹی ایپلیکیشن، ڈی ایچ اے میں ڈرائیونگ لائسنس سینٹر اور گلشن راوی پولیس سٹیشن کی نئی عمارت کا بھی آن لائن افتتاح کردیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انویسٹی گیشن کے معیار کو اپ گریڈ کرکے پنجاب پولیس کی استعداد کار کو بڑھانا اولین ترجیحات میں شامل ہے، تھانہ کلچر کی تبدیلی اورعوامی سہولت کیلئے محکمہ پولیس کوجدید وسائل وسہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا، ویمن سیفٹی ایپ خواتین اور بچیوں کو جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کو عوام میں احساس تحفظ کے فروغ اور انکے مسائل کے حل کیلئے جذبہ حب الوطنی سے کام کرنا ہو گا، صوبے میں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کو جرائم سے محفوظ رکھنے کیلئے عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری دیدی، 101تھانوں کواراضی کی منتقلی کاعمل تیز کرنےکی ہدایت کی گئی ہے،وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیس افسران اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں،پنجاب میں پولیس کا اچھا نظام لانا چاہتے ہیں، پولیس عوام کو بہترین سروس دے، وسائل مہیا کریں گے۔