کورونا کے مہلک وار جاری، مزید 4 لاہوریئے جاں بحق ، 148 متاثر

کورونا کے مہلک وار جاری، مزید 4 لاہوریئے جاں بحق ، 148 متاثر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری) قاتل وائرس کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی، لاہور میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 4  افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ 148  نئے کورونا کیسز سامنے آگئے۔ 

ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق کورونا کے پنجاب بھر میں 340 نئے مریض سامنے آگئے، صوبے بھر میں مزید 7 اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وبا کے دوران اب تک لاہور میں متاثرہ شہریوں کی مجموعی تعداد 52551 اور 929 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، پنجاب بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 104894 اور 2372 اموات ہوچکی ہیں، صوبے بھر میں ابتک 97498 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

 کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دو طلبا جبکہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کوپر روڈ کی وائس پرنسپل اور گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کے پروفیسرمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز پر مزید سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے ہیں، شہر کے سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں 64 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 35 انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل جبکہ  7 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

دوسری جانب ڈینگی نے بھی لاہور میں ڈیرے ڈال لیے، ڈینگی بخار کے مزید 2 مریضوں رپورٹ ہوئے،  شہر کے ہسپتالوں میں 18 مشتبہ مریض بھی رپورٹ ہوئے۔رواں برس ڈینگی کے لاہور میں کنفرم کیسز کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی ہے اور صوبے بھر میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 143 ہے جن میں سے 8 مریض بدستور ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں مزید 1260 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔

Sughra Afzal

Content Writer