( راؤ دلشاد ) لاہور کو یونیسکو سٹی آف لٹریچر کا درجہ ملنے پر میٹروپولیٹن کارپوریشن ادب کے فروغ کے لیے متحرک ہوگئی، اردو بازار کو لٹریچر سٹریٹ بنانے کا فیصلہ جبکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا۔
لاہور کو یونیسکو سٹی آف لٹریچر کا درجہ ملنے کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ادب سے متعلق کے قد آور سائن بورڈز آویزاں کرنے کی ٹھان لی جبکہ پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرکے ویلج آفیسر کا نام دینے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کو جیو ٹیگنگ سسٹم اور ادب کے فروغ کے لیے بھر پور منصوبہ بندی کا فیصلہ کرلیا۔
جیو ٹیگنگ پروجیکٹ کے تحت ادبی حلقوں اور ادبی تقریبات کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، سرکاری و نجی پراپرٹیز، شہر کی مارکیٹس، 224 شاہراہیں اور اثاثہ جات کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگا۔ اس ضمن میں کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ضلعی انتظامیہ، ایم سی ایل، واسا، ایل ڈی اے، پی ایچ اے، ایکسائزو دیگر آلائیڈ محکموں سے ڈیٹا طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر آصف بلال لودھی کے مطابق شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے شہر کے اثاثہ اور انفراسٹرکچر کا مکمل ریکارڈ مرتب ہوسکے گا۔ شہر کی شاہراہوں، سرکاری و نجی طبی مراکز، نجی و سرکار اداروں کے اعدادوشمار کمپیوٹرائزڈ ہونگے۔
سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت پرانے نقشوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا۔