بنگالی کڑیوں نے پاکستان ویمن ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

بنگالی کڑیوں نے پاکستان ویمن ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہباز علی ) بنگلہ دیش ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی، پاکستانی کپتان بسمہ معروف اور بنگلہ دیش کے منیجر جاوید عمر بیلم نے سیریز کو بہترین قراردے دیا۔

بنگلہ دیش ویمن ٹیم نے دورہ پاکستان میں فتح کا مزہ چکھ لیا، دو ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں بنگالی کڑیوں نے پاکستان ویمن ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم قذافی سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 210 رنز بناکر آوٹ ہوگئی، ناہیدہ خان 63، عالیہ ریاض 36 رنز بناکر نمایاں ہیں۔ بنگلہ دیش کی رومانہ احمد نے 3 اور سلمہ خاتون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش نے نو وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ فرغانہ حق 67 اور مرشیدہ خانم نے 44 رنز بناکر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی طرف سے بسمہ معروف اور سیدہ عروب شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ ہمارے بیٹنگ مڈل آرڈر میں کچھ غلطیاں ہیں جن کو اگلی سیریز میں بہتر کریں گے۔ بنگلہ دیش اوپنر مرشیدہ خاتون نے کہا کہ ون ڈے سیریز برابر کرنے پر بہت خوشی ہوئی، پاکستانی کھانے اور دیگر انتظامات بہترین ہیں۔

فرغانہ حق نصف سنچری بنانے پر پلئیر آف دی میچ جبکہ پاکستان کی جانب سے ناہیدہ خان اور بنگلہ دیش کی فرغانہ حق سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔