( سعید احمد ) لاری اڈے پر موجود پناہ گاہوں میں مقیم نابینا افراد نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر گریٹر اقبال پارک کے سامنے دھرنا دے دیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔
لاری اڈے پر موجود پناہ گاہ میں مقیم نابینا افراد اپنے مطالبات کے منظوری کے لیے سراپا احتجاج بن گئے۔ نابینا افراد نے گریٹر اقبال پارک کے سامنے دھرنا دے دیا، مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ نابینا افراد کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے وعدہ وفا نہیں کیا گیا، نابینا افراد کوپناہ گاہ میں رکھا گیامگر سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
نابینا افراد کے احتجاج کے باعث لاری اڈے کے اطراف میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، گاڑیوں کی لمبی لائینیں لگ گئیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو گریٹر اقبال پارک کے اندر سے آزادی فلائی اوور کی طرف موڑ دیا گیا۔
نابینا افراد کی جانب سے روڈ بلاک کرنے پر ضلعی پولیس کی جانب سے مذاکرات کی کوشش کی گئی مگر مظاہرین نے انکار کر دیا۔ نابینا افراد نے مطالبہ کیا کہ حکومت چیئرنگ کراس پر کیا گیا وعدہ پورا کرے۔