(ویب ڈیسک) ضلع کرم میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سکول میں آٹھ اساتذہ کو قتل کردیا،افسوسناک واقعے کے بعد ضلع بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردیے گئے۔
ضلع کرم میں سکول میں فائرنگ کے واقعے میں آٹھ افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم میں شلوزان روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے چلتی گاڑی پر فائرنگ سے محمد شریف نامی شخص جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد تری منگل ہائی سکول میں مسلح افراد نے گھس کر آٹھ سکول ٹیچرز کو قتل کردیا قتل ہونے والے اساتذہ تری منگل ہائی سکول میں امتحانی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ۔
واقعے کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے سیکورٹی خدشات کے باعث بند کردئیے گئے۔ کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات کو بھی ملتوی کردیا گیا۔ دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ نے واقع نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔