حافظ شہباز علی: سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر بورڈ نے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا، پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے آئندہ چند روز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
پی سی بی حکام نے پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے اگلے چند روز بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پی سی بی حکام کے لیے پریشان کن ہے، اسی صورت حال کے پیش نظر بورڈ حکام نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیَے کئی آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ لیگ مکمل کرنے کے لیے اس سال پی سی بی کے پاس کوئی دوسری ونڈو نہیں ہے، قومی کرکٹ ٹیم کی انٹر نیشنل مصروفیات کی وجہ سے بورڈ کے لئے کوئی اور ونڈو تلاش کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ حالیہ ونڈو میں لیگ کرانے کے لیَے پی سی بی میچز کو یو اے ای منتقل کرنے کے آپشن کو بھی استعمال کرسکتاہے۔
ذرائع کے مطابق چندفرنچائزز بھی یواے ای میں لیگ کرانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے شروع ہونا ہیں۔جن کے لیےقرنطیہ کے 7 روز 22 مئی سے شروع ہوں گے۔ اس ساری صورت حال پر ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لئے این سی او سی سے رابطے میں ہیں، این سی او سی کی ہدایات کے مطابق آئندہ بھی فیصلے کئے جائیں گے۔
کراچی میں بقیہ میچز کرانے کا فیصلہ بھی این سی او سی کو اعتماد میں لے کر کیا گیا تھا۔موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا، ابھی تک پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہوں گے۔