(ویب ڈیسک)موسم گرما شروع ہونے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے،سورج نے بھی تیور دکھانا شروع کر دیے ہیں لیکن اب لاہوریے ہو جائیں تیار کیونکہ بادل برسنے کو ہیں تیار، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے دن بھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس 172 ریکارڈ کیا گیا ہے اور شہر کی آب و ہوا مضر صحت قرار دی گئی ہے۔ شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں موسم میں خوشگوار تبدیلی آنے کو ہے۔ آج لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔ شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔