(قذافی بٹ)پنجاب حکومت کی ایفورڈایبل ہاؤسنگ سکیم، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 133 مقامات کی نشاندہی کرلی گئی،وزیراعظم عمران خان جمعرات کو رائے ونڈ میں بیک وقت 10 مقامات پر اس تاریخ ساز منصوبے کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے پہلے مرحلے کے لئے 133 میں سے 54 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے،32 مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔اس سکیم کے تحت گھر کا سائز 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے،گھر کی قیمت 14 لاکھ 30 ہزار روپے ہوگی۔
مزید پڑھئے: ایل ڈی اےتاریخ کی سب سےتیزترین ہاؤسنگ سکیم کی منظوری
گھر کا درخواست گزار ایک لاکھ 43 ہزار روپے دے گا، باقی رقم بینک آف پنجاب فراہم کرے گا،گھر کی ماہانہ قسط تقریباً 10 ہزار روپے ہوگی،ایک برس میں گھر تعمیر کرکے قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کے حوالے کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ماضی میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ پر تنقید کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت اب اسی کمپنی سے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو ابتدائی مرحلے میں گھردے گی، محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے حکام کی جانب سے حکومت کو رائے دی گئی ہے کہ گھروں کی تعمیر کی ذمہ داری پنجاب لینڈ کمپنی کے سپرد کی جائے، جس پر حکومتی وزراء نے کابینہ میں پیش کی گئی تجویز پر مثبت رائے دی۔