اسرار خان: لاہور میں بادامی باغ تھانہ کے علاقے میں پولیس کا ایک اہلکار منشیات فروش کی گرفتاری کیلئے ریڈ کے دوران منشیات فروشوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ پتھراؤ سے سب انسپکٹر سمیت 2 اہلکار زخمی ہو گئے ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے منشیات فروش جان محمد ہلاک ہو گیا ۔
علی پورہ بادامی باغ کے رہائشی منشیات فروش جان محمد کی گرفتاری کیلئے اسکے گھر پر چھاپہ مارا گیا تو ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار راشد زخمی ہوا، جسے ہاتھ پر گولی لگی ۔ پولیس پارٹی پر پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کی زد میں آ کر سب انسپکٹر بوٹا اور کانسٹیبل ثاقب زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے میاں منشی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انکی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں منشیات فروش جان محمد شدید زخمی ہوا، جو میو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا ۔
پولیس پارٹی پر حملہ کرنے والے دیگر ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے ۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے میاں منشی ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔