سٹی 42: لارج ٹیکس پیئرآفس کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، لارج ٹیکس پیئر آفس کے چھٹے فلور میں کمشنر شبیہہ الاعجاز کے کمرے میں اچانک آگ لگی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح لارج ٹیکس پیئرآفس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس سے کمشنرشبیہہ الاعجاز کے دفتر میں موجود ریکارڈ اور فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا۔ ریسکیو 1122کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے۔ لارج ٹیکس پیئر یونٹ کے آڈٹ زون میں شوگر ملز کا ریکارڈ موجود تھا۔ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث صبح تقریبا 8بجکر 15 منٹ پر لگی۔
دوسری جانب شہر میں آتشزدگی کے واقعات کی شارٹ سرکٹ سب سے بڑی وجہ بن گئے ہیں۔ ریسکیو کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں شہر لاہور میں کل 551 آتشزدگی کے واقعات ہوئے۔ 551 میں سے 265 صرف شارٹ سرکٹ کے باعث ہوئے۔ شارٹ سرکٹ کی وجہ ناقص کوالٹی کی تار اور سوئچ بورڈ کا استعمال ہے۔238 آتشزدگی کے واقعات کی وجوہات کا پتہ ہی نہ چل سکا۔
ریسکیو کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں آتشزدگی سے 7 افراد جاں بحق جبکہ 40 جھلس کر زخمی ہوئے۔گھروں میں آتشزدگی کے 189 جبکہ کمرشل جگہوں پر 112 واقعات ہوئے ہیں۔ ریسکیو کے مطابق ایس او پیز پر عمل اور احتیاطی تدابیر سے ہی آتشزدگی کے واقعات سے بچا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل الخلیل سنٹر کے پانچویں فلور پر واقع الیکٹرانکس کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گودام کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی 10 فائر وہیکلز اور 30 سے زائد اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے ایک گھنٹے کی امدادی کارروائیوں کے دوران آگ پر قابو پا لیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ پلازہ میں داخل ہونے کے لئے عقبی دیوار توڑی گئی، جس کے بعد اہلکار اندر داخل ہوئے۔ آگ پر بروقت قابو پانے سے مزید نقصان سے بچا لیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ریسکیو کی 2 فائر وہیکلز رات بھر جائے حادثہ پر موجود رہیں گی، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری قابو پایا جا سکے۔