(شاہین عتیق) فیملی کورٹ نے اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کوبچیوں کا ماہانہ خرچہ 34 ہزار روپے باقاعدگی سے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیملی عدالت کی جج مائرہ حسن کی عدالت میں طارق ٹیڈی کی سابقہ بیوی عاصمہ بی بی نے درخواست دائر کی،عاصمہ نے موقف اختیار کیاکہ طارق ٹیڈی بچوں کا خرچاادانہیں کررہا ،جس کی وجہ سےوہ سخت پریشانی کاشکارہے،عدالت سے استدعا ہے کہ اُسے خرچادلوایا جائے،عدالت نے سماعت کے بعدطارق ٹیڈی کو دونوں بچوں کا خرچا34 ہزارماہانہ دینےکاحکم جاری کردیا جبکہ کیس پر مزیدسماعت اکیس مارچ کوہوگی۔
گزشتہ برس بھی اسٹیج اداکار کو عدالتی حکم کے باوجود بچوں کو خرچہ نہ دینے پرگرفتار کیا گیا تھا، طارق ٹیڈی کی سابقہ بیوی عاصمہ نے عدالت کو بتایاتھا کہ کہ عید آرہی ہے شوہر عدالتی حکم کے باوجود بچوں کا خرچہ ادا نہیں کررہا، اکیلی بچوں کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتی، درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت بچوں کا تمام خرچہ ادا کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ طارق ٹیڈی اور ان کی اہلیہ کے درمیان سال 2011 میں علیحدگی ہو ئی تھی،اُن کی اہلیہ عاصمہ نے نان نفقہ کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا، بچوں کو نان نفقہ نہ دینے پر عدالت طارق ٹیڈی کو کئی بار وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے گزشتہ سماعت پر بھی عدالت نے طارق ٹیڈی کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔