میڈیکل کے طلبا کیلئے نوید، یو ایچ ایس کا داخلہ پالیسی نوٹیفکیشن معطل

میڈیکل کے طلبا کیلئے نوید، یو ایچ ایس کا داخلہ پالیسی نوٹیفکیشن معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے تبدیلی سرکار کا  نجی میڈیکل کالجز کے طلبا کو دوسرے کالجز میں تبدیلی کا حکم روک دیا، عدالت نے یو ایچ ایس کا27 فروری 2020 کا داخلہ پالیسی کے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے پنجاب حکومت، پی ایم ڈی سی، یو ایچ ایس سمیت دیگرز سے 9 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔

جسٹس عائشہ اےملک نے علی ضیام طیب سمیت دیگر طلبا کی درخواست پر سماعت کی، کمرہ عدالت میں میڈیکل کالجز کے طلبا وطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ درخواستگزار طلبا کی جانب سے بیرسٹر چودھری عمر ریاض پیش ہوئے اورپی ایم ڈی سی ، یو ایچ ایس سمیت دیگر کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ طلبا نے ریگولیشن پالیسی کے تحت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلے لیے، تین ماہ سے مختلف پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں،  پنجاب حکومت نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے نئی پالیسی بنادی ہے جس کےمطابق طلبا کو دوسرے میڈیکل کالجز  میں منتقل کیا جائے گا۔

درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی  گئی کہ عدالت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے از سر نو میڈیکل کالجز کے داخلے کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے، مزیداستدعا کی گئی کہ عدالتی فیصلے تک یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا نئے داخلوں کے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد یو ایچ ایس کا27 فروری 2020 کا داخلہ پالیسی کے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے پنجاب حکومت، پی ایم ڈی سی، یو ایچ ایس سمیت دیگرز سے جواب طلب کرلیا۔

Sughra Afzal

Content Writer