( شہباز علی ) پی ایس ا یل کے میچز پاکستان شفٹ ہونے سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، قلندرز کے سپر سٹار اے بی ڈی ویلئیرز ان فٹ ہوکر لیگ سے باہر ہوگئے۔
لاہور قلندرز کے منیجر سمین رانا کے مطابق اے بی ڈی ویلئیرز کمر میں تکلیف کے باعث لیگ کے باقی میچوں کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ گذشتہ ہفتے اپنے وطن واپس لوٹ جانے والے جنوبی افریقن بلے باز نے معاہدے کے مطابق 9 اور 10 مارچ کو لاہور قلندرز کے میچوں کے لئے پاکستان آنا تھا تاہم کمر میں تکلیف کے باعث اے بی ڈی ویلئیرز لیگ کے باقی میچوں کے لئے پاکستان نہیں آئیں گے۔
لاہور قلندرز کے منیجر سمین رانا کا کہنا ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کا ان فٹ ہو کر لیگ سے باہر ہونا افسوس ناک ہے۔ دوسری جانب اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ لیگ کے باقی میچوں میں حصہ نہ لے سکنے کا افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، میری نیک تمنائیں لاہور قلندرز کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کو انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونا پڑا تھا اور بعد میں لاہور قلندرز کی کپتانی اے بی کو سونپ دی گئی تھی۔