(قیصر کھوکھر) صوبائی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سرکاری گاڑی واپس کر دی۔
صوبائی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سرکاری گاڑی واپس کر دی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ ’’پھٹیچر‘‘ گاڑی نہیں لے سکتے۔
عطاء اللہ تارڑ نے سرکاری گاڑی واپس کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، اس لئے انہیں بلٹ پروف گاڑی فراہم کی جائے۔
اس کے علاوہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ صوبائی وزیروں پر سرکاری پیسے سے پٹرول کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی، اب وزراء اپنے خرچے سے پیٹرول خریدیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی، آٹے کی قیمت کم کردی ہے، اب نان بائی ایسوسی ایشن قیمت کم کرے، پنجاب کے بارڈرز کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سستا آٹا سمگل نہ ہو۔