ٹرین آتشزدگی کا معاملہ، چھ ملازمین معطل

ٹرین آتشزدگی کا معاملہ، چھ ملازمین معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) وزیرآباد سٹیشن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیوں میں آگ لگنے کا معاملہ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن عامر نثار نے 6 ملازمین کو معطل کر دیا۔ دوسری جانب پنجاب فرانزک نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے۔

وزیر آباد کے قریب چلتی ٹرین میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی یا تخریب کاری کے باعث؟ پنجاب فرانزک نےانکوائری شروع کردی۔ ریلوے لاہور ڈویژن کی جانب سے ابتدائی جوائنٹ رپورٹ کے مطابق بوگیوں میں آگ لگنے کے واضح شواہد نہیں مل سکے، جسکے باعث واقعہ کی انکوائری کیلئے پنجاب فرانزک کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث بوگی میں آگ اتنی شدت سے نہیں لگتی، فرانزک رپورٹ سے واقعے کے حقائق سامنے آئیں گے۔

ادھر ابتدائی رپورٹ میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن عامر نثار نے 6 ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔ معطل ہونیوالوں میں گارڈ انچارج شیخ ارشاد، ٹرین ڈرائیور عبدالمجید، اسسٹنٹ ڈرائیور محمد شہباز، ایس ٹی ای طارق محمود، پاور پلانٹ آپریٹر انور علی اور الیکٹریکل اسٹاف محمد محسن شامل ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز لاہور سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس میں وزیرآباد کے مقام پر آگ لگ گئی تھی، ریسکیو کی جانب سے ایک گھنٹہ پنتالیس منٹ بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، دو بوگیاں جل کر خاکستر جبکہ خوش قسمتی سے کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔