سٹی42: کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آخری مہلت، عملدرآمد نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ، ضلعی انتظامیہ نے دوپہر 3 بجے 400 مارکیٹوں کے تاجر نمائندوں کا اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آخری مہلت، عملدرآمد نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ نے دوپہر 3 بجے 400 مارکیٹوں کے تاجر نمائندوں کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وزیر صنعت، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سی سی پی او سمیت دیگر بھی شرکت کریں گے۔ تاجر نمائندوں کو وبا کے پھیلاؤ کی بگڑتی صورتحال پر اعتماد میں لے کر تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے 3 بجے تاجروں کا بڑا اجلاس بلا لیا ہے، ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں کے سربراہان کو آخری وارننگ دیں گے ، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالی مارکیٹوں کو بند کیا جائے گا، اندرون شہر ، شاہ عالم مارکیٹ ،انارکلی ،ہال روڈ ،مال روڈ ،اچھرہ شامل ہیں اور نیلا گنبد ،عابد مارکیٹ ،باغبانپورہ ،چاہ میراں بازار شامل ہے۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ تمام مارکیٹوں میں ایس اوپیزپر عملدرآمد کی موثر مانیٹرنگ کروائی جائے گی اور کورونا وباء کا پھیلاؤروکنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت ضروری قرار دیکر عوامی آگاہی مہم کو بھی مزید تیز کیا جائے گا حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کی اپیل کی جائے گی۔ پیر سے جمعہ تک جو مارکیٹ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرے گی اسے فوری طور پر بند کروایا جائے گا۔ہفتہ اور اتوار کے ان دو دنوں میں بھی سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابرسعید کا کہناتھا کہ ہفتہ ، اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہوگا،5 دن کاروبار کی اجازت ہے، حکومتی ہدایات پرمکمل عملدرآمد کیا جائے گا،شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے، دکاندار شام 07بجے تک کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔