وزیراعلیٰ پنجاب کا ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کا ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر، قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں آٹا، چینی، گھی، پولٹری سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن انتظامی اقدامات اُٹھانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو آٹے، چینی، گھی، پولٹری اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے، ناجائزمنافع خوروں کے خلاف انتظامی طور پر ایکشن ہوگا، عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کو خوف خدا نہیں، پہلے بھی عوام کے حقوق کا تحفظ کیا اور اب بھی ان کے مفادات کی نگہبانی کریں گے، عوام کے مفادات کو زک پہنچانے والے ہر کارٹل کو توڑا جائے گا، عوام کو کسی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، عوام کو اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملوں کو گندم کے ذخائر بڑھانے کیلئے سہولت فراہم کریں گے، پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ہے اور  پنجاب حکومت کے پاس گندم کے 43 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ذخائر موجود ہیں، پنجاب حکومت کے پاس چینی کے  بھی 18 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر ہیں اور پنجاب حکومت گنے کے کاشتکاروں کو 170 ارب روپے سے زائد کی ادائیگی یقینی بنا چکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، ہمیں احتیاط کا دامن تھام کر کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا، کورونا نے پوری دنیا میں سیاسی، سماجی اور معاشی تبدیلیاں برپا کی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے ماسک، سینی ٹائزر اور سماجی فاصلہ ضروری ہے، دوکاندار ''نوماسک، نو سروس'' کی پالیسی پر عمل کریں تو کورونا کا پھیلاؤ کم ہوگا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے اور فصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں اور 24 اضلاع میں ایک کروڑ 47 لاکھ سے زائد رقبے پر ٹڈی دل کی موثر نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ جدید ترین آلات و مشینری کے ذریعے 7 لاکھ 56 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 75 ہزار لیٹر سے زائد زرعی ادویات کا سپرے کیا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کے کورونا کے باعث انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کے انتقال پر دلی رنج ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Sughra Afzal

Content Writer