( عمران یونس ) فوڈ اتھارٹی کی دبئی ٹاؤن شیر شاہ کالونی اور یوحنا آباد میں 12 ملک شاپس پر موجود 1100 لیٹر دودھ کی چیکنگ، ناقص اور غیر معیاری دودھ کی فروخت پر 4 ملک شاپس سیل جبکہ 600 لیٹر دودھ تلف کردیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر معمولی نقائص پر انتظامات میں مزید بہتری کے لیے 8 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ ناقص دودھ کی فروخت پر دستگیر، سخی لجپال، ما شااللہ اور الرحمٰن ملک شاپس کو سیل کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سیل کی گئی شاپس کے دودھ میں نیچرل فیٹس اور ایل آر انتہائی کم پائی گئی۔
موبائل لیب میں موجود جدید مشینوں سے دودھ کی چیکنگ پر پانی کی ملاوٹ بھی پائی گئی۔ عرفان میمن کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق دودھ میں پانی یا کیمیکلز کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔ ملاوٹی یا قدرتی غذائیت سے محروم دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں کی صحت کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے۔