( سعدیہ خان ) لاہور میں گرد آلود آندھی کے بعد بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ریکارڈ بارشیں ہونگی۔
آندھی اور بارش نے لاہور کی گرمی کا رخ موڑ دیا، دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہا۔ شام کے اوقات میں شمال مغربی ہواؤں نے موسم کا رخ بدل دیا تیز آندھی کے بعد لاہور میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
پنجاب سمیت لاہور میں داخل ہونے والا سسٹم آئندہ چار روز تک بارشیں برسائے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے پہلے ہفتے میں زیادہ بارش ہوگی، اس بارش سے موسم تبدیل جبکہ درجہ حرارت کم ہوگا۔
تیز بارش کے باعث لیسکو کے ساٹھ سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے کی وجہ سے جوہر ٹاؤن، اچھرہ، اقبال ٹاؤن، کینال، شاہدرہ، گرین ٹاؤن، گڑھی شاہو سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بجلی بندش کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بارش کا سلسلہ تھم جانے پر بحالی کا کام شروع کیا گیا۔
آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد تھا جبکہ اتوار کے روز بھی شہر میں بارش کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دس فیصد زائد بارشیں ہوں گی.