لاہور کے 7 علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم

لاہور کے 7 علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئرمال (قیصرکھوکھر) سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کا کمال یا شہریوں کی احتیاط، اندرون شہر اور گلبرگ سے صرف چار کورونا کیسز رپورٹ،  حکومت نے شہر کے سات لاک ڈاؤن شدہ علاقوں کو کھو ل دیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا نے کہا ہے کہ جنرل لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا کے مطابق پنجاب حکومت نے شہر کے 7 علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کردیا، جن علاقوں سے لاک ڈاؤن ختم کیا گیا ان میں گلبرگ،ماڈل ٹاؤن اورگلشن راوی شامل ہیں، اندرون شہر کے سیل شدہ علاقوں میں مزید لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، ان علاقوں سے پولیس کی نفری ہٹالی گئی۔

چیف سیکرٹر ی داخلہ نے کہاکہ کہ حکومت پنجاب کا جنرل لاک ڈاؤن جاری رہے گا، کھولے گئے علاقوں میں عوام کوایس او پیز پر مکمل عمل کرنا ہوگا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب انجمن تاجران لاہور کے صدر حاجی مجاہد مقصود بٹ کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر دانش افضال سے ملاقات کی، ڈی سی دانش افضال نے کل سے والڈ سٹی کی مارکیٹوں کو کھولنے کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے کہاکہ تاجر برادری ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنائے، دس سے پندرہ دنوں میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے، آج اتوار کو شاہ عالم مارکیٹ میں سپرے کرایا جائے گا، ہماری کوشش ہے احتیاطی تدابیر کیساتھ کاروبار کا پہیہ بھی چلتا رہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا، گزشتہ 24 گھنٹے میں 7 افراد جاں بحق، 878 نئے مریض سامنے آ گئے  جس کے بعد شہر میں کورونا سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 697 اور تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 41 ہزار416 ہوگئی، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا آئسولیشن وارڈز میں 365 مریض داخل ہیں۔جن میں سے 177 مریض انتہائی نگہداشت وارڈزمیں اور 88 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شہر کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات ظاہرہونے پر 61 علاقےکھولے گئے تھے، جبکہ فیز ٹو میں سربمہر کیے گئے 7 علاقوں میں 3 دن کی توسیع کی گئی تھی جنہیں آج کھول دیا گیا۔

واضح رہے کہ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے کورونا کے باعث جنرل لاک ڈاؤن کے تحت کاروباری، سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں پرعائد پابندی میں مزید 15 روز کی توسیع کردی، نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹس، پارک، سینما ہالز، تھیٹرز بدستور بند رہیں گے، سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہو گی۔

Sughra Afzal

Content Writer