ن لیگی رہنما اور سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور میو کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

 ن لیگی رہنما اور سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور میو کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حسن علی : ن لیگ کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور میو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ 

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مدنی فارم ہاؤس جاتی عمرہ پہنچ گئے۔ جہاں چودھری عبدالغفور میو باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے چودھری عبدالغفور میو کو پارٹی مفلر پہنایا۔ چودھری عبدالغفور میو نے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کا روائتی کلا پہنایا اور تلوار پیش کی۔ 

چودھری عبدالغفور میو نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے علاقے میں بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں شہید ذوالفقار علی بھٹو آئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو کا نا مکمل ایجنڈا مکمل کریں گے۔ آج ایٹم بم کے اصل وارث آپکے درمیان ہیں۔  قائد اعظم کے بعد اس ملک میں اگر کوئی لیڈر تھا تو وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بنے اور پھر شہید بے نظیر بھٹو بنیں۔ جب میں جیل کا وزیر تھا تو میں نے جیل میں وہ کوٹھری دیکھی جہاں شہید ذوالفقار علی بھٹو قید تھے تو لائبریری بنانے کے احکامات جاری کئے۔ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی آخری امید ہے، پاکستانیوں اس امید کو نہ توڑنے دینا۔ عبدالغفور میو  خطاب کے دوران آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے کہا کہ یہ سازشیں اب نہیں چلیں گی، اب ان سازشوں کو ختم کرنا ہے۔ وعدہ کرو کہ این اے 127 سے بلاول بھٹو زرداری کو بھرپور طریقے سے کامیاب کریں گے اور وزیر اعظم بنائیں گے، جمیل منج اور رانا صفدر دلشاد کے ساتھ این اے 125 جیت کر محترمہ کی قبر پر حاضری دینے جائیں گے۔


بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری عبدالغفور میو کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ اب این اے 125 سے پیپلز پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کر گی، تمام سیاسی قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور جیتنے کے لئے لڑ رہے ہیں۔ بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو نے عوام سے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا میں بھی جو بات کروں گا وہ پوری کروں گا۔ 

  بلاول بھٹو  نے کہا کہ ہم نفرت ، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں، ہم نے منشور پر الیکشن لڑنا ہے، قائد عوام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جو وعدے عوام سے کئے وہ پورے کئے ہیں، آپ نے ہمارے دس نکاتی منشور کو رائیونڈ کی عوام تک پہنچانا ہے، ہمارا منشور ہے کہ لوگوں کی تنخواہوں اور امدن کو ڈبل کریں گے، پیپلز پارٹی غریب خاندانوں کو تین سو یونٹ بجلی مفت دے گی، پیپلزپارٹی نوجوانوں کو مفت تعلیم دلوائے گی،  ہم ہر شہری کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کریں گے،  ہم نے سندھ کے ہر اضلاع میں مفت علاج کے لئے اسپتال کھڑے کئے ہیں، رائیونڈ میں ن لیگ نے عوام کو صحت کی سہولیات کے لئے کوئی اسپتال نہیں بنایا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اٹھ فروری کو دل میں تکلیف ہونے جاہی ہے، پیپلزپارٹی اس تکلیف کو دور کرنے کے لئے رائیونڈ میں اسپتال بنائے گی۔ میں سندھ میں سیلاب متاثرین کے لئے بیس لاکھ گھر بنا رہا ہو، ان گھروں کے مالکانہ حقوق گھروں کی عورتوں کو دیے جائیں گے، پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو تیس لاکھ گھر  بنا کر ان کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیں گے، کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی حکومت میں آنے کے بعد مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، بے نظیر انکم سپورٹ کے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے گا، مزدوروں کے لئے پیپلزپارٹی مزدور کارڈ  لے کر آئے گی جس کے زریعے انہیں تمام سہولیات دی جائیں گی، کسانوں کو بھی پیپلز پارٹی حکومت میں آنے کے بعد کسان کارڈ دیا جائے گا، پیپلزپارٹی حکومت میں آنے کے بعد بیروزگار نوجوانوں کو ہر صورت روزگار کی فراہمی یقینی بنائے گی، پیپلزپارٹی نوجوانوں کو نوکری کی تلاش کے لئے مالی معاونت بھی فراہم کرے گی، نوجوانوں کو اسکالرشپس اور بلاسود قرض دئے جائیں گے۔ 

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرے گی، ہم نے پہلے بھی ڈلیور کیا ہے، دوبارہ بھی کریں گے۔ میری پیپلزپارٹی کے ورکرز سے درخواست ہے کہ پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچائیں،  ہماری پارٹی کا مقابلہ کسی جماعت سے نہیں ہے، ہمارے مقابلہ غربت، مہنگائی اور ںے روزگاری سے ہے۔ 

 اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل ، رانا جمیل منج، سونیا خان، ایڈون سہوترا، شاہدہ جبیں، عائشہ غوری، احمد جواد رانا، امجد جٹ، رانا دلشاد، ندیم ملک، فائزہ ملک، حافظ غلام محی الدین، حاجی عزیز الرحمن چن، نایاب جان، عائشہ چودھری، رانا افضل، سید حسن رضا، عمران اٹھوال، خلیل کامران، عاطف رفیق چودھری، عدنان گورسی سمیت جیالوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سید علی قاسم گیلانی، ذوالفقار علی بدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔