(ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بیٹی آئرہ خان نے نوپور شیکھرے سے شادی کر لی، شادی کے بعد پہلی تصویر بھی سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عامر خان کی بیٹی آئرہ خان اور نوپور شیکھرے شادی کے بندھن میں بندھ گئے، شادی کے موقع پر عامر خان بھی ساتھ موجود تھے۔
ممبئی کے علاقے باندرہ کا ہوٹل تاج آئرہ اور نوپور کی ازدواجی زندگی کے آغاز کا گواہ بنا، دولہا اور دلہن نے نئے سال میں شادی کا فوٹو شوٹ کروایا تھا۔
آئرہ خان اور نوپور شیکھرے کی منگل کو ہلدی کی تقریب کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، ہلدی کی تقریب میں اہل خانہ اور دوست احباب موجود تھے، رپورٹ کے مطابق ہلدی کی تقریب سلمان خان کے گھر ہوئی تھی، شادی کے بعد دونوں راجستھان کے شہر جے پور میں استقبالیہ دیں گے۔
نوپور شیکھرے اور آئرہ خان پچھلے کچھ سالوں سے ریلیشن شپ میں تھے، ستمبر 2022ء میں نوپور نے آئرہ خان کو شادی کی پیشکش کی تھی، جس پر آئرہ خان نے بھی ہاں کہہ دی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوپور شیکھرے عامر خان کو ٹریننگ دیتے تھے، اسی دوران نوپور کی آئرہ سے دوستی ہوئی تھی، آئرہ خان ڈپریشن کا شکار تھیں، آئرہ نے ہمیشہ ڈپریشن کے بارے میں کھل کر بات کی، اس کے بعد آئرہ خان اور نوپور نے جم میں ٹریننگ شروع کردی، آئرہ خان کو ٹریننگ کے دوران نوپور سے پیار ہوگیا اور اس کے بعد دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔