شیخ زید ہسپتال، جگر کی پیوندکاری کا ایک اور ناکام آپریشن

شیخ زید ہسپتال، جگر کی پیوندکاری کا ایک اور ناکام آپریشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (زاہد چوہدری) کروڑوں کے فنڈز خرچ کرکے شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر کی اپ گریڈیشن کے بعد ہونے والی جگر کی پیوندکاری بھی ناکام، سوکن کے جگر کا عطیہ لینے والی رینالہ خورد کی رہائشی خاتون نفیس بی بی لیور ٹرانسپلانٹ کے پانچ ہفتے زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق شیخ زید ہسپتال میں قائم ارسلان لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر کی 42 کروڑ روپے سے زائد خرچ کرکے اپ گریڈیشن کرنے کے بعد بھی جگر کی کامیاب پیوندکاری نہ ہوسکی۔ رینالہ خورد کی رہائشی 39 سالہ خاتون نفیس بی بی کو خصوصی اجازت کے بعد اس کی سوکن 28 سالہ عشرت بی بی نے جگر کا عطیہ دیا تھا۔ پانچ ہفتے قبل نفیس بی بی کے جگر کی پیوندکاری کی گئی جس کے بعد اسے ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکی۔ 

شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ سنٹر میں اس سے قبل جگر کی پیوندکاری کے دوران ڈونر کی موت واقع ہونے پر سرجری بند کی گئی تھی اور سنٹر کی اپ گریڈیشن کروائی گئی جس پر 42 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے لیکن ٹرانسپلانٹ کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے باوجود جگر کی پیوندکاری بھی کامیاب نہیں رہی۔