ویب ڈیسک: لاہور میں پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے دعوت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کے لیے شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو بطور پارٹی نمائندہ نامزد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے مشورہ دیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے۔
فواد چودھری کی جانب سے دیئے گئے مشورے میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید سابق وزیر داخلہ رہ چکے ہیں، وہ سکیورٹی صورت حال سے بخوبی واقف ہیں، نمائندگی کے لیے اعظم سواتی کا نام بھی دیا گیا ہے، ان سے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ سینئر سیاست دان ہیں اور اے پی سی میں پارٹی کی بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی قیادت کو ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا اندازہ ہی نہیں ہے، خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی سے متعلق ہمارے لوگ بار بار توجہ دلاتے رہے، ہماری بات سننے کے بجائے ہمارے ارکان پر غداری اور بغاوت کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت میں ہر معاملے پر سنجیدگی کا فقدان ہے، یہ اس معاملے میں بھی فوٹو شوٹ کی حد تک سنجیدہ ہیں۔