ہانگ کانگ حکومت کا 5 لاکھ ایئر ٹکٹ مفت دینے کا اعلان

Hong kong
کیپشن: Hong kong
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ہانگ کانگ حکومت نے سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے اور ملک میں سیاحوں کی دلچسپی کو بڑھانے کیلئے 5 لاکھ ایئر ٹکٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کے روز ’ ہیلو ہانگ کانگ‘ نامی ایک اسکیم کا اعلان کیا گیا، جس پر دو برسوں سے کام جاری تھا، اس اسکیم کے تحت یکم مارچ سے دنیا بھر میں رہنے والے سیاح ’ورلڈ آف ونرز‘ نامی ویب سائٹ پر جاکر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، جس کے بعد ان کا نام قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا، کامیاب امیدواروں کو 3 مراحل میں ایئر ٹکٹس دیئے جائیں گے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے پہلے مرحلے میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کے سیاحوں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے، اس کے بعد چین کے سیاحوں کو ہانگ کانگ جانے کا موقع ملے گا جبکہ سب سے آخر میں دنیا بھر کے سیاحوں کو ایئر لائنز کے مفت ٹکٹس ملیں گے۔

ٹکٹس ہانگ کانگ کی 3 ایئرلائنز کیتھے پیسیفک، ایچ کے ایکسپریس اور ہانگ کانگ ایئر لائنز کے تعاون سے تقسیم کئے جائیں گے، ان 5 لاکھ ٹکٹوں کی کل رقم 254 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔

ہانگ کانگ نے کرونا وائرس کے خلاف آہستہ اور محتاط طریقے سے کام کیا تھا، جس کے باعث اس کی سیاحت کی صنعت کو شدید نقصان پہنچا۔ جنوری 2020ء میں جب چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کے ابتدائی کیسز سامنے آئے تھے تو اس وقت ہی ہانگ کانگ میں تقاریب پر پابندی لگادی گئی تھی۔

کورنا وبا سے پہلے ہانگ کانگ میں عام طور پر سال بھر میں 5 کروڑ 60 لاکھ سیاح آتے تھے تاہم 2022ء میں یہ تعداد صرف ایک لاکھ رہ گئی ہے۔

گزشتہ برسوں میں ہانگ کانگ میں صرف بیرون ممالک سے آنیوالے سیاحوں کی ہی تعداد کم نہیں ہوئی بلکہ مالیاتی مرکز نے 1961ء کے بعد پہلی مرتبہ آبادی میں 1.6 فیصد کی بڑی کمی بھی دیکھی ہے۔