ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لیسکو بجلی چوری، اووربلنگ کی روک تھام میں ناکام

لیسکو بجلی چوری، اووربلنگ کی روک تھام میں ناکام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہد ندیم ) لیسکو میں بجلی چوری اور اووربلنگ کی روک تھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے مزین میگا پراجیکٹ کو تین سال بعد بھی شروع نہ کیا سکا، کمپنی نے کنسلٹنٹ کی بھرتی کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اجازت مانگ لی۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوری اور اووربلنگ کو روکنے کے لئے ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر کے نام سے میگا پراجیکٹ تیار کیا، جس کے تحت جدید میٹرز کی تنصیب کر کے سسٹم کو بہتر بنایا جانا تھا، تاہم تین سال گزرنے کے باوجود میگا پراجیکٹ کو شروع نہیں کیا جا سکا، میگا پراجیکٹ کو سابق دور حکومت نے پلاننگ کمیشن سے منظور کروایا تھا، جس میں میٹریل کی خریداری کو انٹرنیشنل ٹینڈر کے ذریعے ہونا تھی۔

مقامی کمپنیوں نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا، عدالت سے کیس ختم ہونے کے بعد لیسکو نے پراجیکٹ کومکمل کرنے کے لئے کنسلٹنٹ کی بھرتی کی اجازت مانگ لی ہے، کمپنی نے کنسلٹنٹ کی بھرتی کے لئے منظوری کا کیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھجوا دیا ہے، تاہم ابھی تک بورڈ نے میگا پراجیکٹ پر کنسلٹنٹ بھرتی کی منظوری نہیں دی اور اس طرح پراجیکٹ مزید تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔

کنسلٹنٹ کی بھرتی کے بعد میگا پراجیکٹ کو بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مجموعی طور پر تیس ارب روپے کی لاگت آئیگی، پراجیکٹ میں کنٹرول روم قائم کرکے بلنگ، بجلی چوری کی نشاندہی کی جا سکے گی جبکہ بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن بھی کنٹرول روم سے منقطع کیا جاسکے گا۔