( علی ساہی )آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس میں بہتر کارکردگی پر سب انسپکٹرز کو سنیارٹی کے بغیر ہی امتحان کے بعد انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی دی جائے گی جبکہ تھانوں میں ایس ایچ اوز کے دفاتر میں کیمرے لگا کرعوام کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا سٹی فورٹی ٹو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اچھا کام کرنے والے اور معیار پر پورا اترنے والے سب انسپکٹرز کو براہ راست ترقی ملےگی۔ ابتدائی طور پر 350 سے زائد سب انسپکٹرز پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیں گے اور امتحان پاس کرنے والوں کو انسپکٹرز کےعہدے پر سنیارٹی کو بالائے طاق رکھ کر اچھی کارکردگی پر ترقی ملے گی، اس سے پنجاب پولیس میں اچھے افسران کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
امجد جاوید سلیمی کا کہنا تھا کہ پولیس میں موجود کرپٹ عناصر کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں جبکہ عوام کو انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے پنجاب بھر کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کے کمروں میں کیمرے لگا دیے گئے ہیں جبکہ لاہور میں اگلے 2 روز میں تھانوں میں کیمرے لگا دیے جائیں گے۔ کیمروں سے ایس ایچ اوز کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور پولیس کے خلاف جھوٹی شکایات کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔