زاہد چوہدری: کینسر سے بچاؤ کی آگاہی کا آج عالمی دن منایا جارہا ہے، طبی ماہرین کہتے ہیں صحت مند طرز زندگی، ورزش اور متوازن غذا کے استعمال کے ساتھ تمباکونوشی سے پرہیز اس مرض سے بچاؤ میں معاون ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کینسر ڈے منانے کا مقصد مرض سے بچاؤ اور اس کی بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق خواتین میں چھاتی کا سرطان، مردوں میں پراسٹیٹ اور پھیپھڑوں اور بچوں میں خون کے کینسر کی شرح زیادہ ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ہر سال ملک میں ڈیڑھ سے دو لاکھ کینسر کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں، جن کے علاج کیلئے مطلوبہ تعداد میں ماہر ڈاکٹرز اور علاج گاہوں کی شدید کمی ہے جس کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انکا مزید کہناتھاکہ صحت مند طرززندگی اورتمباکونوشی سے پرہیز کینسر سے بچاؤ میں بہت مدد دیتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کینسر کے علاج کی جدید ادویات بہت موثر ہیں، لیکن مہنگی بھی ہیں۔ اس لئے ان ادویات کی ملک میں تیاری کیلئے مقامی دوا ساز صنعت کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔