(ویب ڈیسک) کورونا کیسز کی بڑھتی شرح کے پیش نظر سکول بند ہوں گے یا کھلے رہیں گے فیصلہ آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ وزارت تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کے لئے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا، تاہم کسی صوبے کی جانب سے تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز تاحال موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ کوروناوائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر این سی او سی کی جانب سے نیا ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا جس کے تحت ہفتے میں 2 روز مارکیٹں بند رہیں گی جبکہ کاروباری اوقات رات 10 کی بجائے 8 بجے تک مقرر کئے گئے ہیں۔ہوٹلز میں بیٹھ کرکھانے پینے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، ٹیک اوے کی سہولت دستیاب رہے گی،دفاترمیں بھی 50فیصدعملہ کام کرےگا،پبلک ٹرانسپورٹ کودوبارہ 50فیصدپرلےکرآرہےہیں، تمام تر انتظامات کے باوجود کورونا ویکسی نیشن کا عمل جاری جبکہ مریضوں کی تعداد میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے۔
محکمہ پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کاروباری مراکز کےاوقات رات 8 بجے تک جبکہ ہفتہ اور اتوار چھٹی کے دن تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، طبی مراکز صحت، ویکسی نیشن سینٹرز پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکتے ہیں، پیٹرول پمپ، تندور، بیکری گروسری کریانہ سٹور، ڈیری شاپس، سویٹ شاپس پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکتی ہیں۔ پھل اور سبزی کی دکانیں، چکن اور میٹ شاپس فوڈ ڈلیوری اینڈ ای کامرس سروسز کھلی رہیں گی، کورئیر اینڈ پوسٹل سروسز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر اینڈ ٹیلی کام کمپنیز پورا ہفتہ کام کریں گی، کال سینٹرز، میڈیا ہاوسز، آٹو ورکشاپس، آئل ڈپو اور منڈیاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ تمام قسم کی منڈیاں ہفتہ بھر کھلی رہیں گی۔