ریسٹورنٹس، شادی ہال اور تھیٹر کھولنے کا فیصلہ

ریسٹورنٹس، شادی ہال اور تھیٹر کھولنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) کورونا کے کیسز میں کمی، پنجاب حکومت نے بیوٹی سیلون ریسٹورنٹس، میرج ہال، جم، ان ڈور سپورٹس اور سینما تھیٹر کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں انڈسٹریز، ریسٹورنٹس، میرج ہال اور سینما تھیٹرکھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ حتمی منظوری کے لئے نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سنٹر کو سفارشات اور تجاویز پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں جم، ان ڈور سپورٹس، بیوٹی سیلون اور کلینک وغیرہ کھولنے کا فیصلہ بھی این سی او سی کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ مری اور پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کی تجویز پر غور کیا گیا تاہم اس پر بھی حتمی فیصلہ این سی او سی کرے گی۔

فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ دیگر کاروبار بھی کھول دئیے جائیں گے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کے لئے کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا پازیٹو کیسز کی تعداد 2 سے 3 فیصد تک ہے۔ صوبہ بھر میں کورونا کے خدشے کے پیش نظر 3 ہزار بیڈز بدستور مختص رکھے جائیں گے۔

 ہسپتال کورونا فری قرار دے کر معمول کی طبی خدمات کے لئے اوپن ہوں گے۔ ہسپتالوں میں معمول کی بیماریوں کا علاج، آپریشن اور دیگر سروسز معمول کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 39 کیس رپورٹ جبکہ 5 مریض جاں بحق ہوئے-

اس موقع پر صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔