کورونا کا زور ٹوٹتے ہی لاہور میں ایک اور خطرناک وائرس سر اُٹھانے لگا

کورونا کا زور ٹوٹتے ہی لاہور میں ایک اور خطرناک وائرس سر اُٹھانے لگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئرمال (عثمان علیم)  کورونا کا زور ٹوٹتے ہی لاہور میں ڈینگی سر اُٹھانے لگا،  شہر میں دوران سرویلنس کئی مقامات سے ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر عید کے تیسرے روز ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف علاقوں کے دورے کیے اور ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر ورک نے یو سی 79 مزنگ کا دورہ کیا اور ڈینگی ٹیموں کی حاضری کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے یو سی 83 کا دورہ کیا جہاں متعدد مقامات سے ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہوئی جس پر لاروا کو فوری تلف کروادیا اور قریبی گھروں میں ڈینگی سپرے کروانے کی ہدایات دیں۔

  اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے رائیونڈ سٹی میں ڈینگی ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا جہاں دوران سرویلنس دو مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، جس پر فوری تلفی یقینی بنائی گئی، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے یو سی 52 کا دورہ کیا جہاں ان آئوٹ ڈور ٹیموں کی ورکنگ کو مانیٹر کیا۔

دوسری جانب سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ ڈینگی ورکرز کی تعداد،حاضری اور تنخواہوں سمیت تمام معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ بارشوں کا سیزن انتہائی اہم ہے، ڈینگی کے حوالے سے کارروائیوں کو مکمل فعال رکھا جائے گا، تمام متعلقہ افسر ہر پیر، بدھ اور جمعہ کو جائزہ اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی ورکرز کی حاضری اور کارروائیوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے، ڈینگی ورکرز کی تنخواہیں بھی بروقت ادا کی جائیں، پی سی ون کی منظوری میں تاخیر کی صورت میں متبادل فنڈ سے تنخواہ ادا کی جائے۔


طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیض  پہنی جائے، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، کسی بھی جگہ گھر میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer