شاہین عتیق : لاہورمیں سول عدالتیں آج ڈیڑھ ماہ بعد کھل گئیں،عدالتوں کےبرآمدے عدالتی اہلکاروں کی پیشی کی آوازوں سے گونجتے رہے۔
عید کی تعطیلات، کورونا اورموسم گرما کی تعطیلات کے بعد آج ڈیڑھ ماہ بعد سول کورٹس کی عدالتیں کھل گئیں،صبح سےہی سائلین کا رش لگ گیا،عدالتوں کے برآمدے پیشی کی آوازوں سے گونجتے رہے،سائلین نے عدالتیں کھلنے پر خوشی کااظہار کیا،ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ان کو بناء کسی تاخیر کےاب انصاف ملنا شروع ہو جائےگا۔
وکلا نےکہا کہ عدالتی تعطیلات کی وجہ سےہزاروں کیس التوا کا شکار تھے اسی لیےسیشن ججز نے دیواروں پر ترجیحی بنیادوں پرکیس نمٹانے کے لیے فہرستیں آویزاں کردی ہیں،بار کے سیکرٹری ریحان خان ایڈووکیٹ نے امید ظاہر کی کہ اب زیرالتواکیسز جلد نمٹائےجائیں گے۔
وکلا نے کہا کہ سول کورٹ اور تینوں کچہریوں میں کام شروع ہونا اچھا اقدام ہے،مقدمات کا جلد فیصلہ کرنا عدلیہ اور وکلا کےلیے چیلنج سے کم نہیں۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں بھی مختلف مقدمات کی سماعت جاری ہے،پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام کل سے شروع ہونے والے بی اے کے آن لائن امتحانات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔عدالت نے آن لائن امتحانات کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔