ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عید پر سمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی: عثمان بزدار

عید پر سمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی: عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر پنجاب حکومت کی انسداد کورونا کی حکمت عملی کامیاب رہی،بروقت سمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی، حکومت کے مؤثر اقدامات کے باعث کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب میں اب تک 93 ہزار 197 مریض کورونا سے متاثر ہوئے، 82 ہزار 563 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو ہر سطح پر سراہا گیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے عید کے تیسرے روز بھی صفائی اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آلائشوں کی ڈسپوزل کا کام جلد مکمل کیا جائے جبکہ صفائی انتظامات بارے شکایت پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں گلیوں،محلوں اور بازاروں کی صفائی ستھرائی کی ذمہ داری پوری کریں۔انتظامی افسروں اور متعلقہ اداروں کے حکام دفاتر سے نکل کر صفائی آپریشن کی نگرانی کریں۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراور گورنر چودھری محمد سرور نے نماز عیدالاضحی گورنر ہاؤس میں ادا کی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد گورنر ہاؤس میں گورنر چودھری سرور سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ صوبے کے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے، عید پر نادار طبقہ خصوصی توجہ کا مستحق ہے، ہماری حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، افواہیں پھیلانے اورسازشیں کرنے والوں کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer