ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے تین مقدمات میں عمران خان کی 13 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 3 مختلف مقدمات میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔عمران خان ایڈمن جج عبہرگل کی عدالت میں پیش ہوئے جس کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں آج عمران خان کے وکلا کی جانب سے زمان پارک میں جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان لاہور میں ہیں، سکیورٹی خطرات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، عدالت ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔جج کا کہنا تھا کہ پیش نہ ہونےکی صورت میں قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا، جو عدالت میں آئےگا اسے ریلیف ملےگا، عمران خان کے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں ہوئے۔