(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی جانب سے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے ٹویٹ کرتے کہا کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے۔
صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 4, 2022
قبل ازیں صدرمملکت عارف علوی کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا کہ عمران احمد خان نیازی، نگران وزیراعظم کی تقرری تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ آئین کے آرٹیکل 224A- (4) کے تحت نگران وزیراعظم کے آنے تک، عمران خان وزیراعظم کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم کے لئے سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین یا سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے نام پر غور شروع کر دیا۔ نگران وزیراعظم کے لیے پارٹی رہنماؤں کی قیادت کے ساتھ ابتدائی مشاورت شروع ہو چکی ہے۔
ذرائع ابلاغ کےمطابق تحریک انصاف اپنی اتحادی جماعت ق لیگ سے بھی نگران وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت کرے گی۔