رضوان نقوی: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ اپوزیشن نے تیس مار خان بن کر دیکھ لیا،عمران خان کو کیا ہٹانا تھا مکھی تک نہیں مار سکے،کچرے کا مسئلہ وزیراعظم نے حل نہیں کرنا، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور کچرے کا مسئلہ حل نہیں کرسکتے تو انہیں گھر بھیج دینا چاہیئے۔
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دینے کیلئے جوہرٹاؤن میں منیر احمد خان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری بولےکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اپنی بچگانہ سیاست کے باعث سکڑ رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن وسطی پنجاب اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہو گئی ہے۔ دونوں جماعتیں نا بالغوں کے ہاتھ میں ہیں پہلے سب عمران خان کے خلاف تھے اب آپس میں گتھم گتھا ہیں، اپوزیشن آگے بڑھے اور انتخابی و عدالتی اصلاحات پر بات کرے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یکم رمضان چودہ اپریل کو ہوگی چاند دیکھنے کا اعلان رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔ بولے کہ لاہور اور کراچی میں کچرے کے ڈھیر ہیں سمجھ نہیں آتی کہ مقامی حکومتیں کوڑے سے بجلی بنانے کا منصوبہ کیوں نہیں لاتیں، ہر کام وزیر اعظم نے نہیں کرنا، چیف سیکرٹری اور کمشنر اگر کچرے کا مسئلہ حل نہیں کر سکتے تو گھر چلے جائیں۔
فواد چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا کہ جس طرح نواز شریف علاج کے نام پر باہر چلے گئے کہیں مریم کے لئے بھی اسی طرح کی کمیٹی نہ بن جائے۔