(ویب ڈیسک)خان پور ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی ہے،مزید سیلابی ریلوں کی متوقع آمد کے باعث 9بجے سپل ویز کھول دیئے جائینگے، خان پور ٹیکسلا روٹ پر سفر کرنیوالے 9سے 12بجے تک موٹروے استعمال کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر خان پور کے مطابق خان پور ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1982 فٹ ہے، جو مکمل بھر گیا ہے،ہری پور خان پور ٹیکسلا روٹ پر سفر کرنے والے حضرات آج صبح نو سے دن بارہ بجے تک موٹر وے کا استعمال کریں، اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، نوٹی فکیشن میں تحریرکیا گیا کہ آج صبح نو سے بارہ بجے تک ٹریفک بند رہےگی،آج صبح خان پور ڈیم سپل ویز کھولنے کے دوران ترناوہ پل کے مقام پر دونوں اطراف سے ٹریفک بند رہے گی ۔
آج بروز ہفتہ مورخہ 22۔09۔03 صبح 9 بجے سے دن بارہ بجے تک خانپور ڈیم کے سپل ویز کھولے جاہیں گے جسکی وجہ سے انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے پل پر دونوں اطراف سے ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کوٹری بیراج میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہوگیا، کوٹری بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب آنے کا اندیشہ ہے، بیراج کے اپ اسٹریم پر پانی کی آمد 5 لاکھ 13 ہزار 679 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ڈاؤن اسٹریم پر 5 لاکھ 3 ہزار 464 کیوسک پانی کا اخراج ہوا، گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران بیراج پر پانچ ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کوٹری بیراج حکام کا کہناتھا کہ بیراج 8 لاکھ 75 ہزار کیوسک پانی با آسانی گزر سکتا ہے۔
گوٹھ ناٹھیانی تحصیل دوڑ ضلع شہید بینظیر آباد ڈوب گیا,مقامی وڈیروں نے اپنی فصلیں بچانے کیلئے پانی ناٹھیانی گوٹھ میں چھوڑ دیا۔ناٹھیانی میں 350 سے زائد گھر بارشی پانی میں ڈوب گئے۔خوراک، رہائش، ادویات، پانی اور آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے
شہری میت پانی میں سے لے کرجانے پر مجبور ہیں،کھانے پینے کا سامان اور اشیاء ضروریہ پلاسٹک بیگ میں پیک کر کہ ہاتھ گاڑی سے گاؤں لے جایا جاتا ہے۔بھینسیں اور جانور بیماریوں کے باعث مرنے لگے، وبائیں جنم لینے لگی۔