(شاہد ندیم سپرا) سوئی ناردرن گیس کمپنی کے صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، وفاقی حکومت نے دو سال بعد ترقیاتی کاموں پر عائد پابندی اٹھالی، کنکشنز کی تنصیب شروع کر دی گئی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں پر پابندی کی وجہ سے زیرزمین پائپ لائنز بچھانے کے باوجود گیس کی فراہمی نہیں ہوسکی تھی، ذرائع نے بتایا کہ سابق دور حکومت میں کمپنی نے متعدد علاقوں میں زیر زمین نیٹ ورک بچھایا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے اقتدار کے آغاز پر ہی پابندی عائد کر دی تھی، دو سال تک پائپ لائنز میں گیس کی فراہمی نہیں کی گئی، تاہم اب پائپ لائنز میں گیس فراہمی کے بعد کنکشن کی تنصیب شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن میں صارفین کو کنکشن فراہم کرنے کی شرح میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے، اب 76 ہزار کی بجائے 36 ہزار صارفین کو گیس کنکشن دیئے جائیں گے، سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے ایڈہاک کی بنیاد پر ریجنل دفاتر کے اہداف مقرر کئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق جوہر ٹاؤن دفتر میں 12 ہزار صارفین کو جبکہ ریجنل دفتر گورومانگٹ میں 11 ہزار200 صارفین کو کنکشن دیئے جائیں گے۔ اسی طرح ہربنس پورہ دفتر میں7 ہزار 500 جبکہ والڈ سٹی دفتر کے لئے2200 صارفین کو کنکشن دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اخراجات کم کرنے کے لیے ڈیلی ویجزملازمین بھرتی کرنے پر پابندی عائد کردی، جس کی وجہ سے سینکڑوں ملازمین بے روزگار ہوگئے، اسی طرح مختلف دفاتر کے انتظامی امور بھی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔