رائل پارک (سٹی42 نیوز) پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کر گئے، پاکستانیوں سمیت پڑوسی ملک بھارت کے فنکاروں نے بھی عمر شریف کی رحلت پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
بھارت کے معروف 'پنجابی پاپ سنگر' دلیر مہندی نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا، عمران خان سمیت سب کا شکریہ جنہوں نے عمر شریف کی صحت یابی کے لیے کوششیں کیں، کامیڈین کے مداح انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
بالی وڈ کے معروف مزاحیہ اداکار جونی لیور نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ہم نے بہت بڑا فنکار کھو دیا، عمر شریف بہت اچھے انسان تھے، بھارت میں ان کے چاہنے والے بہت زیادہ ہیں، پوری بھارتی فلم انڈسٹری عمر شریف کی دیوانی ہے، بھارت میں لوگ عمر شریف کو دیکھنے کے لیے ترستے تھے، ان کے انتقال پر بہت افسوس ہوا۔
'دی کپل شرما شو' کے میزبان کپل شرما نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ الوداع لیجنڈ، آپ کو جنت نصیب ہو۔ بھارتی اداکار سدیش لہری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ الوداع لیجنڈ عمر شریف، پوری دنیا کو ہنسانے والے نے آج سب کی آنکھوں میں آنسوں لے آئے۔