(سعید احمد سعید) ڈاکٹرعبدالمقدم خان نے ڈسٹرک مینجر پی آئی اے لاہور سٹیشن کا چارج سنبھال لیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق نئے تعینات ڈسٹرک مینجر لاہور سٹیشن ڈاکٹر مقدم خان ائر لائن مارکیٹنگ کے وسیع تجربہ کی حامل شخصیت ہیں۔ مختلف ممالک میں پی آئی اے کے کنٹری مینیجر رہ چکے ہیں۔ لاہور تعیناتی سے قبل وہ کینیڈا اور امریکہ کے کنٹری ہیڈ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
کینیڈا کے لئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں میں اضافہ بھی ان کی تعیناتی کے دوران ہوا۔ بطورکنٹری ہیڈ کینیڈا میں پی آئی اے کی سیلز میں سو فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا جو کہ پی آئی اے کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ڈاکٹرعبدالمقدم خان ملائیشیاء میں بھی پی آئی اے کے کنٹری ہیڈ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
لاہور میں ان کی تعیناتی کو ٹریول انڈسٹری میں ایک شاندار اضافہ قرار دیا جارہا ہے جبکہ ٹریول انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے ان کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرک مینجر پی آئی اے لاہور سٹیشن سلیم اللہ شاہانی ریٹائرڈ ہو گئے، سلیم اللہ شاہانی پی آئی اے میں 32 سالہ سروس مکمل کر کے آج ریٹائر ہوئے۔ ان کے اعزاز میں پی آئی اے افسران کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پی آئی اے کے جنرل مینیجر پسنجر سیلز سراج قاضی نے خصوصی شرکت کی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک کی جانب سے ان کو یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے، تقریب میں سٹیشن مینیجر علی اصغر زیدی، ڈپٹی جنرل مینیجر سیکورٹی اسد بخاری، پسنجر سیلز مینیجر بابر زمان خان،ٹکٹ آفس مینیجر تنویر قاسم، مینیجر تعلقات عامہ اطہر اعوان سمیت افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔