( عثمان علیم ) چینی کی ذخیرہ اندوزی اور آئے روز قیمتوں میں اضافے سے حکومت پریشان، چینی کی قلت پوری کرنے کے لیے محکمہ خوراک کا تین لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنے کا فیصلہ جبکہ سمری منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی کو ارسال کر دی گئی۔
آئے روز چینی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کنٹرول نہ کی جا سکی۔ ذخیرہ اندوزی اور بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر محکمہ خوراک کا ذخیرہ اندوزوں سے نمٹنے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے تین لاکھ ٹن چینی کی امپورٹ کا فیصلہ کیا ہے، تین لاکھ ٹن چینی کی امپورٹ کیلئے محکمہ خوراک نے سمری منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی کو ارسال کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت چھ اکتوبر کو ہونیوالے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں چینی کی امپورٹ کے حوالے سے سمری منظوری کیلئے پیش کی جائیگی۔ چینی کی امپورٹ کا مقصد سپلائی شارٹیج کا بہانہ بنا کر خود ساختہ قیمت بڑھانے پر مارکیٹ میں چینی کی وافر سپلائی یقینی بنانا ہے تاکہ قیمتوں کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔